مظفرگڑھ،جتوئی( کرائم رپورٹر) شہید کانسٹیبل محمد اقبال بھٹی کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے ان کی صاحبزادی فوزیہ اقبال کی شادی کے موقع پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔ ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ کی ہدایات پر بارات کو پولیس کی میزبانی میں منفرد انداز میں پروٹوکول فراہم کیا گیا۔تصیلات کے مطابق پولیس اسکواڈز، ایس ایچ اوز، ایلیٹ فورس اور ٹریفک پولیس کے دستوں نے دلہا کے گھر سے بارات کو میرج ہال تک خصوصی پروٹوکول میں پہنچایا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز نے دلہا محمد عاطف منظور کا گلدستے کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا جبکہ پولیس جوانوں نے بارات پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں دلہن فوزیہ اقبال کا خصوصی استقبال لیڈیز پولیس افسران و اہلکاروں نے کیا، جنہوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے دلہن کو خصوصی پروٹوکول میں اسٹیج تک لے جا کر بٹھایا۔ ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے شادی کی تقریب میں بطور میزبان شرکت کی، دلہن کے سر پر دستِ شفقت رکھا اور دلہا دلہن کو تحائف اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔تقریب کے اختتام پر پولیس اسکواڈز نے بارات کو اسی خصوصی پروٹوکول کے ساتھ واپس دلہا کے گھر تک پہنچایا۔ اس اقدام کو شہید کی قربانی کے اعتراف اور پولیس خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کی خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔







