کراچی: سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے اور آج عالمی و مقامی دونوں مارکیٹوں میں سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 22 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد عالمی قیمت 4 ہزار 334 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھنے میں آئے، جہاں جمعرات کے روز 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 200 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 55 ہزار 762 روپے ہو گئی۔
اسی طرح مقامی مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار 800 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 90 ہزار 742 روپے مقرر ہو گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 78 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 900 روپے تک جا پہنچی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 67 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 915 روپے ہو گئی۔







