بہاولپور (سپیشل رپورٹر) بہاولپور شہر کے معروف الفاروق ہوٹل کو صفائی اور صحت عامہ کے قوانین کی خلاف ورزی کے باعث اے سی سٹی نے75,000 روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب روزنامہ قوم ملتان نے ہوٹل میں ناقص صفائی اور غیر معیاری کھانے کی نشاندہی کی۔ ہوٹل میں لاغر مردہ اور سپی مرغیوں کا گوشت استعمال کیا جا رہا تھا۔ ہوٹل کی داخلی حالت اور کچن کے ماحول کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ہوٹل میں صفائی کے اصولوں کی مکمل طور پر خلاف ورزی ہو رہی ہے ۔ہوٹل کے کچن اور ڈائننگ ایریا میں گندگی کے ڈھیر موجود ہیں اور وہاں سے کیڑے مکوڑوں کے آثار بھی ملے ہیں۔تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ہوٹل میں عملے کے لیے باقاعدہ میڈیکل چیک اپ نہیں کروایا جاتا اور نہ ہی کوئی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔اے سی سٹی کے عملے نے تصدیق کی کہ ہوٹل مالکان کو جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں فوری طور پر صحت اور صفائی کے اصول سختی سے نافذ کرنے کا ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ اے سی سٹی کے اہلکاروں نے کہا کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں مزید سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں ہوٹل کے لائسنس کی معطلی بھی شامل ہو سکتی ہے ۔







