اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے یومِ فتح کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان تین برادر ممالک ہیں جن کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، اور ان کے درمیان اخوت، دوستی اور یکجہتی کی مثال دنیا کے سامنے ہے۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آذربائیجان کی بہادر افواج نے اپنی سرزمین کے دفاع میں جو قربانیاں دی ہیں، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ آذربائیجان کے منصفانہ موقف کی حمایت کی ہے اور دونوں ممالک نے ہر آزمائش میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
شہباز شریف نے علامہ اقبال کا شعر پڑھتے ہوئے جدوجہدِ آزادی، عزم اور حوصلے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوموں کی کامیابی ان کے اتحاد اور ایمان میں مضمر ہے۔
وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے دوران پاکستانی افواج کی بہادری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کے سات جنگی طیارے مار گرا کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ دکھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور ترکی، قطر سمیت تمام دوست ممالک کے مثبت کردار کو سراہتا ہے۔ وزیراعظم نے صدر ایردوان کی ترقی یافتہ ترکی کے قیام کے لیے کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدہ خطے کے روشن مستقبل کی امید ہے، اور پاکستان ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔







