کاروباری ترقی کا نیا دور، وزیراعلی پنجاب نے جدید ملتان ایونیو منصوبے کی منظوری دے دی

ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان کے شہریوں کے لیے ترقی اور سہولت کا ایک اور شاندار تحفہ دیا ہے۔ “پنجاب خوشحال، سڑکیں بحال” پروگرام کے تحت “ملتان ایونیو” کے جدید منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے، جو شہر کی خوبصورتی، ٹریفک نظام اور کاروباری سرگرمیوں میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ منصوبے کے تحت سیداں والا چوک سے سہو چوک تک 9 کلومیٹر طویل جدید شاہراہ تعمیر کی جائے گی۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے اس اہم منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ملتان ایونیوشہر کا پہلا جدید طرزِ تعمیر کا منصوبہ ہے جو نہ صرف شہری سہولت بلکہ کاروباری ترقی کا بھی ضامن ہوگا۔عامر کریم خاں نے بتایا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 2 ارب 89 کروڑ 79 لاکھ روپے ہےجس کا ٹارگٹ 30 جون 2026 ہے مگر انہوں نے محکمہ ہائی ویز کر 23 مارچ تک منصوبے کی تکمیل کا ٹاسک سونپا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم دقت ہو۔ منصوبے کو 8 پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے اور 3 کنٹریکٹرز کے ذریعے بیک وقت تعمیراتی سرگرمیاں جاری کی جائیں گی تاکہ منصوبہ تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچے۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے تحت جدید انفراسٹرکچر کی تمام سہولیات شامل ہیں، جن میں 206 اسٹریٹ لائٹس، 34 یادگاریں، 50 اسمارٹ پارکنگ ایریاز، 8.5 کلومیٹر سروس لین، 5 کلومیٹر پارکنگ ایریا، اور 14.5 فٹ چوڑا اربن گرین کوریڈور شامل ہیں۔ منصوبے میں آر سی سی ڈرین کم فٹ پاتھ، سنٹرل میڈین، واک ویز، لینڈ اسکیپنگ اور جدید لائٹنگ سسٹم بھی تعمیر کیا جائے گا۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ “یہ منصوبہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کا عملی مظہر ہے، جو پنجاب کو ترقی، صفائی، اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ملتان ایونیو کو “ڈسٹ فری ایریا” میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور پُرسکون ماحول فراہم کیا جا سکے۔گراؤنڈ بریکنگ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حمد سندھو، سی پی او ملتان صادق ڈوگر، تمام محکموں کے افسران، ضلعی و انتظامی سربراہان، سول سوسائٹی کے نمائندگان، معزز شہریوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں