علیمہ خانم کی مسلسل غیر حاضری پر آٹھویں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے علیمہ خانم کی مسلسل غیر حاضری پر آٹھویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے یہ حکم تھانہ صادق آباد کیس میں وارنٹ کی تعمیل کے باوجود عدم پیشی پر دیا۔
خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کے دوران بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے متعلق رپورٹ پیش ہونے پر اظہارِ برہمی کیا۔ رپورٹ کے مطابق علیمہ خانم کے مجموعی طور پر 12 بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جا چکے ہیں، جن میں بینک الفلاح اور ایم سی بی شامل ہیں۔ ایم سی بی کے اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 24 لاکھ روپے کا بیلنس موجود ہے۔
عدالتی احکامات کے باوجود رپورٹ جمع نہ کروانے پر یو بی ایل ہیڈ آفس کراچی کے منیجر اور حبیب میٹرو بینک کے منیجر سید منصور حسین کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے، جب کہ سنہری بینک اور بینک آف پنجاب نے بھی رپورٹ پیش نہ کی۔ عدالت نے دونوں بینک افسران کو توہینِ عدالت کے نوٹس بھی جاری کیے۔
پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خانم جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے گریز کر رہی ہیں اور ان کا رویہ نظامِ عدل کا مذاق بنا رہا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات حاصل کی جائیں تاکہ اگلے مرحلے میں ضبطی کا عمل شروع کیا جا سکے۔
عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی کہ ملزمہ کی جائیداد کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں، جب کہ چیئرمین ایس ای سی پی کو بھی ان کے نام پر رجسٹر کمپنیوں اور شیئرز کی تفصیلات دینے کا حکم دیا گیا۔
ملزمہ اور ان کے وکلاء کی غیر حاضری کے باعث گواہوں کی شہادت ریکارڈ نہیں ہو سکی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں