پی ٹی آئی کا اعلان: وزیراعلیٰ کے استعفیٰ پر آئینی جنگ لڑیں گے، آج انتخاب ہوگا

پشاور: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جنید اکبر نے کہا ہے کہ ہم آئینی اور سیاسی طریقے سے لڑیں گے اور جیت حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنا استعفیٰ دے دیا ہے اور گورنر کے ذریعے اسے واپس لینے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
جنید اکبر نے پشاور ہائیکورٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا عمل ہوگا، قانونی ٹیم تیار ہے اور ہم نے تمام مشاورت مکمل کر لی ہے۔ ہم آئینی راستہ اپنانے کے لیے تیار ہیں اور آج ووٹنگ ہوگی۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا اور آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے، اگر گورنر وزیر اعلیٰ سے حلف نہیں لیتے تو اس کے لیے آئینی طریقہ کار موجود ہے۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ اگر اپوزیشن کی طرف سے کوئی درخواست دائر ہوتی ہے تو وہ خود پیش ہوں گے، اور اگر اپوزیشن وزیراعلیٰ کے انتخاب کو روکنا چاہتی ہے تو ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ان کے مطابق آئین کے مطابق جب وزیراعلیٰ استعفیٰ دیتا ہے تو وہ مستعفی ہو جاتا ہے اور گورنر کے منظور کرنے کا ذکر آئین میں نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ کا انتخاب آج مکمل ہو جائے گا۔
قبل ازیں جنید اکبر قانونی مشاورت کے لیے ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر بھی پہنچے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں