راولپنڈی: ملک بھر میں انسدادِ اسمگلنگ مہم کے دوران 17 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئیں۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے مطابق ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، جن میں ایک خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 637.2 کلوگرام منشیات برآمد ہوئیں جن کی مالیت 17 کروڑ 24 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
فاروق اعظم چوک اٹک میں گاڑی سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ ضلع اٹک میں ایک اور کارروائی کے دوران کالج کے قریب سے 810 گرام آئس ملی۔ گرفتار ملزمان نے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
کاک پل اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 4 کلوگرام ہیروئن، ویلج پاڈے لاہور سے 3.3 کلوگرام ہیروئن، جبکہ حاجی شاہ بس ٹرمینل اٹک میں موٹرسائیکل سوار مرد و خاتون کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
علی شہید چیک پوسٹ لاہور پر کارروائی میں ایک ملزم سے 565 گرام ہیروئن، ایک ڈرون، چار بیٹریاں اور ڈراپ کٹ برآمد کی گئی۔ سب سے بڑی کارروائی کراچی کے بدرالدین یارڈ میں کی گئی، جہاں افغانستان سے جاپان جانے والی شپمنٹ سے باریک پاؤڈر میں چھپائی گئی 625 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیاں انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت کی گئیں، مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، خصوصاً تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔






