اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی خزانے پر بوجھ بننے والے غیر فعال سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرتے ہوئے اسے تمام انتظامی اور ادارہ جاتی پیچیدگیوں سے پاک رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی مجوزہ نجکاری پر پیش رفت سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 24 میں سے 15 اداروں کی نجکاری پر پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر توانائی سردار اویس لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت دی کہ نجکاری کے عمل میں قومی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے اور اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے فوری اور جامع اقدامات کیے جائیں تاکہ یہ ادارے قومی معیشت میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نجکاری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی تاخیر یا سرخ فیتے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود نجکاری کے عمل کی نگرانی کریں گے اور پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غیر فعال سرکاری اداروں کی نجکاری جلد مکمل کی جائے گی تاکہ قومی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔







