تازہ ترین

کوہ سلیمان پر بارش، ندی نالوں میں طغیانی، سنگھڑ اور تل تونسہ میں سیلابی ریلا داخل

ڈیرہ غازیخان (ڈپٹی بیوروچیف)تونسہ،کوہ سلیمان کے سلسلے میں موسلا دھار بارشوں کے بعد مختلف برساتی ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جس کے نتیجے میں سنگھڑ اور تل تونسہ کے علاقوں میں ایک بڑا سیلابی ریلا داخل ہوگیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق پانی تیزی کے ساتھ اپنی قدرتی گزرگاہوں سے گزرتا ہوا دریائے سندھ کی جانب رواں دواں ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ روز شدید بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں پانی کی سطح غیر معمولی حد تک بلند ہوگئی، جس کے بعد مختلف مقامات سے گزرنے والا سیلابی ریلا سنگھڑ اور تل تونسہ کے علاقوں میں داخل ہوا۔ پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جس کے باعث مقامی انتظامیہ اور امدادی ادارے بھی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سیلابی پانی اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا دریائے سندھ میں شامل ہونے کی جانب بڑھ رہا ہے، تاہم پانی کے تیز بہاؤ کے باعث قریبی آبادیوں، مویشیوں اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ موجود ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔علاقے کے سماجی کارکنوں اور مقامی نمائندوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس صورتحال سے متعلق معلومات اور ویڈیوز زیادہ سے زیادہ شیئر کی جائیں تاکہ دریا اور برساتی گزرگاہوں کے قریب رہنے والے افراد بروقت آگاہ ہو سکیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوہ سلیمان کے مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات موجود ہیں جس کے باعث سیلابی صورتحال مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مزید بارشیں ہوئیں تو برساتی نالوں میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے اور نشیبی علاقوں میں خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں