ملتان(کرائم سیل)یزمان شہر میں بہاولپور روڈ پر کروڑوں روپے مالیت کی وراثتی اراضی کے تنازع نے سنگین صورتحال اختیار کرلی۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ بااثر افراد اور مبینہ قبضہ مافیا سیاسی پشت پناہی کے بل بوتے پر نہ صرف قیمتی وراثتی اراضی پر قبضے اور غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث ہیں بلکہ عدالتوں کے متعدد سٹے آرڈرز کو بھی کھلے عام نظر انداز کیا جا رہا ہے۔متاثرہ خاندان کے مطابق محمد امین ولد محمد گلزار کی بیٹی صدف امین کی 10 کنال وراثتی اراضی سمیت دیگر جائیداد کی تقسیم میں مبینہ بے ضابطگیاں کی گئیں۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ بعض افرادجن میں جمشید اوٹھی ،عرفان بسرا،محسن وڑائچ ولد سعیداحمد یزمان ،عبدالمالک پٹواری ریٹائرڈ،عمران انجینئر یزمان محمد حنیف ولد محمد گلزار مبینہ طور پر جعلسازی اور اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے زمین 1200 روپے کے اسٹامپ نا جائز فروخت بھی کر رہے ہیں اور دکان بھی بنا رہے ہیں اور گھر پر قبضہ کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں جبکہ معاملہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔درخواست گزار کے مطابق ہائی کورٹ، سول کورٹ اور ایڈیشنل کمشنر کی جانب سے جاری کردہ متعدد سٹے آرڈرز اور رٹ پٹیشنز کے باوجود مبینہ طور پر اراضی کی خرید و فروخت اور قبضے کی کارروائیاں جاری ہیں جس سے عدالتی احکامات کی عملداری پر بھی سوالات جنم لے رہے ہیں۔متاثرہ خاندان نے مزید کا کہنا ہے کہ ان کی کھڑی فصل کو ٹریکٹر چلا کر تباہ کیا گیا، گھر کی پانی کی مین لائن کاٹ دی گئی، درختوں سے پھل اتار لیے گئے اور قیمتی درخت بھی کاٹے جا رہے ہیں۔ اور عدالت میں بار بار جھوٹے دعوے کرنے پر عدالت کا ٹائم ضائع کرنے پر عدالت عالیہ نےایف آئی آربھی کروائی ہے اور خاندان کا کہنا ہے کہ انہیں مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جبکہ رہائش گھر کے اطراف میں جہاں عورتیں اور بچے موجود ہوتے ہیں میں مبینہ طور پر خوف و ہراس پھیلانے کے لیے فائرنگ بھی کی جاتی ہے۔درخواست گزار کے مطابق انہوں نے محکمہ مال، پولیس، سٹیزن پورٹل اور وزیراعلیٰ پنجاب کے پورٹل سمیت متعلقہ اداروں کو متعدد درخواستیں دیںمگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، کمشنر بہاولپور، ڈپٹی کمشنر بہاولپور، ڈی پی او بہاولپور اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے، مبینہ قبضہ مافیا اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف شفاف تحقیقات کر کے قانونی کارروائی کی جائے، اور متاثرہ خاندان کو جان و مال کا مکمل تحفظ فراہم کیا جائے نا جائز قبضے کو فوری روکا جائے۔







