ملتان: یومِ عاشور پرسکیورٹی کیلئے کنٹرول روم مکمل فعال، نگرانی سخت

ملتان(وقائع نگار) محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور سکیورٹی مانیٹرنگ کو موثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم مرکزی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور سی پی او صادق علی ڈوگر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم، مواصلاتی انتظامات اور جلوسوں و مجالس کی نگرانی کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مربوط رابطے کے ذریعے سکیورٹی پلان پر موثر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ دورے کے موقع پر کنٹرول روم کے عملے کو ہدایت کی گئی کہ مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر اور فعال بنایا جائے تاکہ محرم الحرام کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں