راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی جانب سے مختلف مقدمات کے اندراج سے متعلق درخواستوں پر سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی کی عدالت میں علیمہ خان کی جانب سے اڈیالہ جیل کے باہر کارکنوں کو ہراساں کرنے اور انڈہ پھینکنے کے واقعے پر مقدمات درج کرانے کی درخواستوں پر سماعت مکمل کرلی گئی۔ عدالت اب ان درخواستوں پر فیصلہ بعد ازاں سنائے گی۔
عدالتی کارروائی کے موقع پر علیمہ خان اپنی بہنوں عظمیٰ خان اور نورین خان کے ہمراہ راولپنڈی کچہری پہنچیں۔ تینوں بہنوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق عمران خان کو جیل مینوئل کے تحت تمام سہولتیں فراہم کی جائیں اور اس حوالے سے جاری ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ علیمہ خان اور ان کی بہنوں کو کارکنوں سمیت گرفتار کر کے رات گئے ویران علاقوں میں چھوڑ دیا جاتا ہے، جو سیکیورٹی کے لحاظ سے خطرناک عمل ہے۔ عدالت سے درخواست کی گئی کہ ایسے اقدامات سے روکا جائے اور عمران خان کی اڈیالہ جیل میں آئسولیشن کو ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق ختم کیا جائے۔






