پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو ہونے والے احتجاجی پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پارٹی کی مرکزی قیادت نے تمام قومی اسمبلی کے اراکین اور سینیٹرز کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے، جہاں وہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے اراکین اپنے اپنے حلقوں میں احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیں گے۔ اس حوالے سے مرکزی قیادت نے تمام صوبائی صدور اور چیف آرگنائزرز سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
یہ احتجاج “تحریک تحفظ آئین پاکستان” کے بینر تلے کیا جائے گا، جس کی نگرانی پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کریں گے۔
مزید ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے پارٹی رہنماؤں نے اپنے اپنے احتجاجی شیڈول قیادت کو جمع کرا دیے ہیں۔ تمام ٹکٹ ہولڈرز کو متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ صوبائی صدور اور کوآرڈینیٹرز مسلسل مرکزی قیادت سے رابطے میں رہیں گے۔







