حکومت نے عدالتی حکم اور عمران خان کی صحت دونوں سے کھلواڑ کیا: شفیع جان

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا اور اس کے ساتھ ساتھ ان کی صحت کے معاملے میں بھی غفلت برتی۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کی تھی، تاہم اسپتال کے باہر پی ٹی آئی کا کوئی کارکن موجود نہیں تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے مکمل طبی ٹیسٹ نہیں کیے گئے، صرف بلڈ پریشر چیک کیا گیا اور آنکھ میں انجکشن لگایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے میں حکومت سپریم کورٹ کے سامنے کس نوعیت کی میڈیکل رپورٹ پیش کرے گی، اسے پی ٹی آئی قابل قبول نہیں سمجھے گی۔
شفیع جان نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے بعد پی ٹی آئی میں مذاکرات کے حامی حلقے بھی مایوس ہوچکے ہیں اور اب سڑکوں پر احتجاج کی جانب جانے کی بات کی جارہی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان کو دوسرے اسپتال منتقل کیا جانا کسی باہمی رابطے یا مفاہمت کا نتیجہ نہیں تھا۔ ان کے بقول حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کو نظر انداز کیا اور اب پی ٹی آئی توہین عدالت کی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کرے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں