اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں میں شامل ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صارفین کو بڑی ریلیف ملے گی۔ یہ اعلان انہوں نے وزارتِ پاور ڈویژن کی جانب سے ’’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘‘ کے تحت متعارف کرائی گئی پاور اسمارٹ ایپ کی تقریب رونمائی میں کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس اسمارٹ ایپ کے ذریعے بجلی صارفین کو بلنگ کے عمل میں شفافیت فراہم کی جائے گی اور صارفین کو براہِ راست نظام کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس نئے نظام میں صارفین اپنے میٹر کی تصویر مقررہ تاریخ پر ایپ پر اپ لوڈ کریں گے جس کی بنیاد پر ماہانہ بل تیار کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، ٹی وی فیس کی مد میں ماہانہ ڈیڑھ ارب روپے جبکہ سالانہ تقریباً 16 ارب روپے وصول کیے جاتے ہیں، جو اب ختم کر دی جائے گی۔
یہ نظام اوور بلنگ، ریڈنگ میں غلطیوں اور تاخیر جیسے مسائل کو حل کرنے کے لیے بنایا گیا ہے، اور صارفین کو اپنی بلنگ کی نگرانی کا اختیار دیتا ہے۔ اگر صارف مقررہ دن پر میٹر کی ریڈنگ فراہم کر دے تو اس کے بعد میٹر ریڈر کی ریڈنگ کو ترجیح نہیں دی جائے گی بلکہ صرف صارف کی فراہم کردہ ریڈنگ کو قبول کیا جائے گا۔
یہ نظام خاص طور پر ان صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا جو حکومتی سبسڈی کے مستحق ہیں۔ مثلاً، 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والوں کا بل تقریباً 2,330 روپے ہوتا ہے، لیکن صرف ایک یونٹ کے اضافے پر سبسڈی ختم ہو جاتی ہے اور بل 8,104 روپے تک پہنچ جاتا ہے۔
پاور اسمارٹ ایپ کے ذریعے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کر کے اپنی سبسڈی سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم اور ان کی ٹیم کی محنت سے یہ جدید اور انقلابی حل متعارف کروایا گیا ہے، جس سے بجلی کے نظام میں شفافیت بڑھے گی، اوور بلنگ اور شکایات میں نمایاں کمی آئے گی۔
