ملتان( وقائع نگار)ضلع کونسل ملتان میں کروڑوں روپے کی مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف،اینٹی کرپشن کو درخواست میںتحقیقات کا مطالبہ ،منیر آباد کالونی خانیوال روڈ کے رہائشی میاں فاروق نے چیف آفیسر ضلع کونسل ملتان میاں اظہر جاوید،ایکسئین بلڈنگ اور دیگر متعلقہ افسران کے خلاف مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹی کرپشن ملتان ریجن کو درخواست دے دی۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیف آفیسر ضلع کونسل اور دیگر اہلکاروں نے مبینہ طور پر من پسند ٹھیکیداروں سے ملی بھگت کرکے کروڑوں روپے کی جعلی کوٹیشنز تیار کر کے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا۔جبکہ جعلی کوٹیشنز کی مد میں بھاری رقوم بھی مبینہ طور پر نکلوائی گئیں۔میاں فاروق کے مطابق گزشتہ سال سیلاب کے دوران ایک کروڑ روپے کا ارجنسی ٹینڈر مبینہ طور پر من پسند ٹھیکیدار کو الاٹ کرکے مٹی کی مد میں رقم نکلوائی گئی۔حالانکہ موقع پر کوئی کام نہیں ہوا اور مٹی مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈالی تھی۔درخواست گزار نے مزید الزام عائد کیا کہ تقریباً 9 ماہ قبل پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی مشینری کے نام پر لاکھوں روپے کا ڈیزل و پٹرول اور مرمت کی مد میں بھی بھاری رقوم نکلوائی گئیںجبکہ مذکورہ مشینری ایک دن بھی فیلڈ میں استعمال نہیں ہوئی۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مشینری کے میٹرز اور لاگ بکس میں بھی مبینہ طور پر جعلی اندراجات کیے گئے ہیں۔جن کی مکمل جانچ پڑتال سے مبینہ بے ضابطگیوں کا پردہ فاش ہوسکتا ہے۔میاں فاروق نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف آفیسر ضلع کونسل کی 2 مئی 2026 کو تعیناتی سے اب تک جاری ہونے والی تمام کوٹیشنز،پٹرول و ڈیزل کا ریکارڈ،کیش بک اور مشینری کے لاگ بکس سمیت تمام متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لے کر شفاف انکوائری کی جائے۔درخواست گزار نے ایک اور سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیف آفیسر ضلع کونسل ملتان نے محکمہ بلڈنگ کے ایکسئین کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کرکے تقریباً 6 کروڑ روپے ایکسئین بلڈنگ کے اکاؤنٹ میں منتقل کروائے۔جس کے عوض مبینہ طور پر کمیشن حاصل کیا گیا۔ان کے مطابق مذکورہ رقم سے ضلع کونسل دفتر کے صرف دو کمروں کی مرمت کروائی گئی۔حالانکہ ضلع کونسل کے پاس اپنی انجینئرنگ برانچ بھی موجود ہے۔میاں فاروق کے مطابق حیران کن امر یہ ہے کہ اسی دفتر میں تقریباً 6 ماہ قبل ہی ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے مرمت کا کام کروایا گیا تھا۔جبکہ چند ماہ قبل لگائی گئی فرش کی ٹائلز کی دوبارہ ادائیگی بھی مبینہ طور پر کروا لی گئی۔درخواست گزار نے الزام لگایا کہ ایکسین بلڈنگ نے نان شیڈول آئٹمز کے ریٹس مارکیٹ ریٹس سے زائد مقرر کرکے ٹھیکیدار کو اضافی ادائیگی کرائی جس سے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا مبینہ نقصان پہنچا۔درخواست گزار نے ڈائریکٹر انٹی کرپشن ملتان ریجن سے مطالبہ کیا ہے کہ چیف آفیسر ضلع کونسل ملتان،ایکسین بلڈنگ اور مبینہ طور پر ملوث دیگر افسران و اہلکاروں کے خلاف مکمل،غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔مبینہ طور پر خورد برد کی گئی رقم سرکاری خزانے میں واپس جمع کروائی جائے اور الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔







