اسلام آباد: وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) نے بجلی کے شعبے میں شفافیت اور صارفین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ’’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘‘ کے تحت ’’پاور اسمارٹ ایپ‘‘ متعارف کرا دی ہے۔
یہ جدید ایپ بجلی صارفین کو موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر اپنے میٹر کی تصویر لے کر ایپ پر اپ لوڈ کریں، جس کی بنیاد پر ان کا بل تیار کیا جائے گا۔
اس نظام کے ذریعے اوور بلنگ، ریڈنگ میں تاخیر اور غلطیوں جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔ یہ نہ صرف ایک تکنیکی فیچر ہے بلکہ ایک جامع گورننس اصلاح بھی ہے، جس سے صارفین کو بلنگ کے عمل میں براہِ راست شامل کیا گیا ہے۔
ایپ کے تحت اگر کوئی صارف مقررہ دن پر ریڈنگ فراہم کر دیتا ہے تو اس کے بعد لی جانے والی ریڈنگ کو مسترد کر دیا جائے گا اور صرف صارف کی فراہم کردہ ریڈنگ ہی قابل قبول ہوگی۔
یہ سہولت بالخصوص ان صارفین کے لیے فائدہ مند ہے جو حکومتی سبسڈی کے اہل ہیں۔ مثال کے طور پر، 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے پر بل تقریباً 2,330 روپے ہوتا ہے، لیکن اگر یونٹس 201 ہو جائیں تو بل 8,104 روپے تک جا پہنچتا ہے۔
پاور اسمارٹ ایپ کے ذریعے صارفین وقت پر ریڈنگ دے کر سبسڈی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس سے ناصرف شفافیت بڑھے گی بلکہ غیر ضروری بلنگ، شکایات اور کرپشن میں بھی کمی آئے گی۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، سیکریٹری توانائی ڈاکٹر فخر عالم اور دیگر متعلقہ ٹیم کی کوششوں سے اس انقلابی اقدام کو عملی شکل دی گئی ہے۔
