یزمان ( نمائندہ خصوصی)تحصیل یزمان میں بجلی چوری، بدعنوان عناصر کی سرپرستی اور کرپشن کے حوالے سے متعدد سکینڈلز روزنامہ قوم کو موصول ہو چکے ہیں، جنہیں مرحلہ وار عوام کے سامنے لایا جا رہا ہے۔ تازہ ترین موصولہ اطلاعات کے مطابق ایس ڈی او واپڈا یزمان شیراز احمد کی کارکردگی اور کردار پر سنگین سوالیہ نشانات اٹھ گئے ہیں ۔ موصولہ دستاویزات کے مطابق آصف علی ولد محمد رفیق سکنہ وارڈ نمبر 9 تحصیل یزمان نے مورخہ 27 جون 2025 کو واپڈا سے نئے بجلی میٹر کا کنکشن حاصل کرنے کے لیے فائل تیار کروائی۔ اس سلسلے میں احاطہ تحصیل کچہری یزمان کے اسٹامپ فروش کمال احمدنے سائل کو 300 روپے مالیت کا ایک اسٹامپ پیپر (ID نمبر: PB-BWP-E289DA8EC6327087) جاری کیا۔تاہم جب اس اسٹامپ کا آن لائن ریکارڈ چیک کیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ ID اصل میں محمد وقاص ولد بشیر احمد کے نام سے مورخہ 16 دسمبر 2024 کو جاری شدہ تھی۔ الزام کے مطابق کمال احمد اسٹامپ فروش نے خود ساختہ، جعلی اور فرضی اسٹامپ پیپر جاری کر کے حکومت کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا اور سائلین سے رقوم بٹوریں۔ جب سائل نے اس جعل سازی پر کمال احمد سے رابطہ کیا تو اس نے کارروائی کے بجائے سنگین نتائج اور دھمکیاں دینا شروع کر دیں اس کے علاوہ اس معالے پر اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بھی واضح رپورٹ سامنے آ چکی ہے کہ مذکورہ اسٹامپ پیپر مکمل طور پر دو نمبر اور جعلی ہے۔ انہوں نے کہا 420اور 471اور 46 کی ایف آئی ار بنتی ہے۔جب متاثرہ شہریوں اور سائل نے اس تمام جعل سازی اور جعلی فائل کے معائنے کے لیے ایس ڈی او واپڈا یزمان شیراز احمد سے رجوع کیا، تو انہوں نے نہ صرف قانونی یا محکماتی اقدام اٹھانے سے صاف انکار کر دیا بلکہ یہ کہہ کر پلہ جھاڑ لیا کہ یہ میرا کام نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس ڈی او نے شہریوں کو دھمکیاں دیتے ہوئے معاملے کو دبانے کی کوشش کی جب اس سلسلے میں روزنامہ قوم ملتان کے نمائندے نے ایس ڈی او واپڈا شیراز احمد سے ان کا موقف لینے کی کوشش کی تو انہوں نے کوئی بھی موقف پیش کرنے سے گریز کیا۔اہلیانِ علاقہ کی جانب سے ڈائریکٹر ایم اینڈ ایس میپکو ریجن ملتان کو ایک باقاعدہ تحریری درخواست ارسال کی گئی ہے جس میں ایس ڈی او شیراز احمد پر بجلی چوروں کی سرپرستی اور مبینہ رشوت خوری کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ درخواست میں درج ذیل نادہندہ اور غیر قانونی میٹرز کی نشاندہی کی گئی ہے۔حوالہ نمبر 09-15416-0428041 و 09-15416-0428048یہ دونوں ارحم فرنیچر شاپ پر نصب ہیں جو کہ بنیادی طور پرگھریلو Domestic میٹرز ہیں مگر ان پر غیر قانونی طور پر کمرشل سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں۔حوالہ نمبر 10-15416-0436156:یہ میٹر اڈا سوکڑ مینڈر پر باقاعدہ ڈس کنیکٹ (Pdise) شدہ تھا مگر اسے ایس ڈی او کی مبینہ چھتر چھایا میں رحمٰن ٹاؤن میں غیر قانونی طور پر منتقل کر کے استعمال کیا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ افسر کی مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے بااثر اور بجلی چور عناصر کو کھلی چھوٹ حاصل ہے، جبکہ دوسری جانب غریب، شریف اور محنت کش شہریوں پر جھوٹے مقدمات درج کر کے ان کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ اس ناانصافی کے خلاف علاقے میں شدید احتجاجی مظاہرے بھی کیے جا چکے ہیں اہالیانِ علاقہ نے چیف ایگزیکٹو M&S اسلام آباد، ڈائریکٹرایف آئی اے بہاولپور، ڈائریکٹر M&S میپکو ملتان اور سی ایم پنجاب کمپلینٹ سیل سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جعلی اسٹامپ فروشی اور جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف خفیہ ٹیم تشکیل دے کر کارروائی کی جائے بجلی چوری اور غیر قانونی میٹرز کی سرپرستی کرنے پر ایس ڈی او واپڈا یزمان شیراز احمد کے خلاف سخت محکماتی و قانونی اقدام اٹھایا جائے۔







