لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کو ہراسانی کیس میں ایک بار پھر نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق سامنے آنے والے نئے ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر دونوں افراد کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے، جبکہ نئے شواہد کی روشنی میں معاملے کی ازسرنو تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر سطح کے افسر کریں گے۔ ٹیم نئے ڈیجیٹل شواہد کے ساتھ ساتھ سابقہ ریکارڈ اور کیس سے متعلق دیگر معلومات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
این سی سی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم ایک ماہ کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ ڈائریکٹر جنرل کو پیش کرے گی۔ رپورٹ کی سفارشات اور نتائج کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔







