گگومنڈی کی گرین بس سروس سے محرومی پر شہری سراپا احتجاج

گگومنڈی (نمائندہ قوم )گگومنڈی کوگرین بس سروس سے محروم رکھنے پرشہری سراپا احتجاج ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ضلع وہاڑی کے شہروں وہاڑی، بورےوالا اور لڈن میں گرین بس سروس کی فراہمی کے بعد گگو منڈی کے شہریوں میں شدید تشویش اور احساسِ محرومی پایا جا رہا ہے۔ شہریوں محمد وقاص ملک، سرفراز علی، محمد محسن، عزیز احمد، محمد شہزاد، شمشاد فریدی اور دیگر نے کہا ہے کہ گگو منڈی ضلع وہاڑی کا ایک اہم، تاریخی اور گنجان آباد شہر ہے، لیکن ہر بڑے ترقیاتی منصوبے میں اسے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔گگو منڈی اور اس کے گرد و نواح میں تقریباً سو کے قریب چکوک اور دیہات آباد ہیں۔ روزانہ ہزاروں افراد روزگار، کاروبار، تعلیم اور علاج کی غرض سے بورےوالا اور وہاڑی کا سفر کرتے ہیں۔ صبح سویرے سینکڑوں مزدور، سرکاری و نجی ملازمین اور تاجر اپنے گھروں سے نکلتے ہیں، مگر جدید اور سستی ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔علاقے کے ہزاروں طلباء اور طالبات بھی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے روزانہ بورےوالا اور وہاڑی کا رخ کرتے ہیں۔ مہنگی اور غیر معیاری ٹرانسپورٹ کی وجہ سے طلبا کو نہ صرف مالی مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کے قیمتی وقت کا بھی ضیاع ہوتا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ اگر گگو منڈی تک گرین بس سروس فراہم کر دی جائے تو طلباء، ملازمین، مزدوروں اور عام شہریوں کو بہت بڑا ریلیف مل سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں