گوجرانوالہ(نمائندہ قوم) لالچ کی انتہا،دادا نے 9 سالہ پوتا قتل کر ڈالا،ملزم نے مخالفین کے 12 لاکھ روپے قرض دینے کے بجائے الٹا ان سے مزید رقم بٹورنے کے لیے اپنے ہی پوتے کو بیدری کیساتھ قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ واہنڈو پولیس نے اندھے قتل کی واردات کو 8 گھنٹوں کے اندر ٹریس کرکے اصل ملزم کو گرفتار بھی کر لیا ۔ملزم عبدالرحمان نے اپنے 9 سالہ پوتے شعیب کو تشدد کرکے قتل کیا اور اس کی نعش کو ویرانے میں پھینک دیا۔بچے کی تشدد شدہ نعش برآمد ہونے پر قاتل ہی ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتا رہا اور جب تھانہ واہنڈو پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا تو بچے کا اصل قاتل اس کا اپنا دادا ہی نکلا۔اس موقع پر سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے بتایا کہ مقتول شعیب کے دادا عبدالرحمان نے 12 لاکھ روپے قرض لے رکھا تھا اور واپسی کے مطالبہ پر ملزم نے اپنے ہی 9 سالہ پوتے کو اس لیے موت کے گھاٹ اتارا کہ وہ اس کے قتل کا مقدمہ مخالفین پر درج کروا کر ان سے مزید رقم بٹور سکے لیکن تھانہ واہنڈو پولیس نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 گھنٹوں کے اندر اس اندھے قتل میں ملوث ملزم کو ٹریس کرکے اسے قابو کر لیا۔ملزم کا بیٹا اور مقتول شعیب کا والد علی رضا گوجرانوالہ میں کام کرتا تھا اور اس کا والد ہی گھر پر ہوتا تھا۔پولیس تھانہ واہنڈو نے مقتول کے دادا کیخلاف مقدمہ بھی درج کر دیا ہے۔







