جتوئی،خانگڑھ،گد پور (کرائم رپورٹر،نامہ نگار،سپیشل رپورٹر) روہیلانوالی کے رہائشی نو دوست گزشتہ روز دریائے چناب کے کنارے گانگا پتن پر پکنک منانے کے لیے گئے ۔جانے والے نو دوستوں میں سے پانچ دوست ایک ساتھی کو بچانے کی کوشش میں یکے بعد دیگرے دریا کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ایک دوست دریا میں اتر کر پکنک کی ویڈیو بنا رہا تھا کہ اچانک گہرے پانی میں ڈوبنےچلا گیا ۔ اسے بچانے کی کوشش میں دیگر دوست بھی دریا میں کود پڑے اور پانچوں دوست ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں محمد احسن، عبدالرحمٰن عرف ببلو، محمد مکی، محمد عثمان اور محمد علی شامل ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے دوران رات گئے تک چار دوستوں کی لاشیں نکال لی گئیںجبکہ عبدالرحمٰن عرف ببلو کی لاش 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود نہ مل سکی جس کی تلاش تا حال جاری ہے۔اس افسوسناک سانحے کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی جبکہ جاں بحق نوجوانوں کے گھروں میں کہرام برپا ہے اور اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔ رات بھر نوجوانوں کے والدین، عزیزوں اقارب ، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور علاقہ مکین پتن پر موجود رہے اور امدادی سرگرمیوں میں شریک رہے۔جن نوجوانوں کی ڈیڈ باڈی مل گئی ہے ان میں محمد مکی، رانا عثمان، احسن اقبال اور محمد علی شامل ہیں۔







