کوٹ سلطان: جعلی عاملوں، ڈبہ پیروں کا مبینہ روحانی عمل کے دوران لوگوں پر جسمانی اور ذہنی تشدد

کوٹ سلطان (نامہ نگار) جعلی عاملوں اور ڈبہ پیروں کی یلغار، خاتون مبینہ روحانی عمل کے دوران تشدد کا نشانہ، شہریوں کا کریک ڈاؤن کا مطالبہ، کوٹ سلطان اور اس کے نواحی علاقوں سمیت ضلع بھر کے مختلف مقامات پر مبینہ طور پر جعلی عاملوں، نام نہاد روحانی معالجوں اور ڈبہ پیروں کی سرگرمیوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث سادہ لوح شہری نہ صرف مالی استحصال بلکہ جسمانی اور ذہنی اذیت کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔ تازہ ترین واقعہ نواحی علاقے موضع سوہیہ تھل میں پیش آیا جہاں ایک نام نہاد ظہور نامی جعلی پیر نے مبینہ طور پر “سایہ اتارنے” کے بہانے ایک خاتون کے بال بری طرح نوچ ڈالے، جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی اور اسے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کرنا پڑا، مقامی پولیس نے جعلی پیر کو گرفتار کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ، تاہم شہریوں میاں ابرار، مصدف حسین ،محمد زبیر ، امداد علی ،شبیر احمد و دیگر کا کہنا ہے کہ جعلی عامل اور نام نہاد روحانی معالج مختلف محلوں اور دیہات میں ڈیرے جما کر لوگوں کو اپنے چنگل میں پھانس رہے ہیں جبکہ ان کے چیلے گلی محلوں میں گھوم پھر کر مختلف دعووں اور لالچ کے ذریعے شہریوں کو ان کے پاس لے جاتے ہیں۔ یہ افراد عشق میں کامیابی، کھیلوں میں فتح، پرائز بانڈ کے نمبرز، امتحانات میں کامیابی، کاروباری ترقی، گھریلو ناچاقیوں، ازدواجی مسائل اور دیگر پریشانیوں کے حل کے پرکشش دعوے کر کے عوام کو ورغلاتے ہیں، بعد ازاں جادو کے توڑ، آسیب ختم کرنے، روحانی علاج اور تعویذات کے نام پر متاثرہ افراد سے ہزاروں بلکہ بعض اوقات لاکھوں روپے وصول کیے جاتے ہیں۔ اگر کسی شخص کا مسئلہ اتفاقا یا قدرتی طور پر حل ہو جائے تو یہی جعلی عامل اسے اپنی کرامت قرار دے کر مزید نذرانے اور بھاری رقوم وصول کرتے ہیں، یہ جعلساز عوام کی کم علمی، سادہ مزاجی اور مذہبی جذبات کا ناجائز فائدہ اٹھا کر غریب لوگوں کی خون پسینے کی کمائی لوٹ رہے ہیں۔اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ اوقاف، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی عاملوں، ڈبہ پیروں اور عوام کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں