کوٹ ادو کے 8 پٹرولنگ اہلکار ایکشن کمیٹی کی تحویل میں، ریاست رعایت نہیں کریگی: آزاد کشمیر پولیس

ملتان،مظفرآباد(قوم نیوز)آزادکشمیر پولیس کے ترجمان ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو خبردار کیا ہے کہ وہ حالیہ انتخابات کے دوران ہائی وے پولیس کے اغوا کیے گئے آٹھ اہلکاروں کو فوری طور پر رہا کرے اور ان اہلکاروں کو کسی قسم کا نقصان پہنچنے کی صورت میں ریاست کوئی رعایت نہیں برتے گی۔جمعرات کو نیوز بریفنگ کرتے ہوئے پولیس ترجمان ایس ایس پی خاور علی شوکت نے بتایا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے انتخابات کے لیے تعینات ہائی وے پولیس کے آٹھ اہلکاروں کو اغوا کرلیا اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں بھی دی گئیں۔ اہلکار تاحال ان کے قبضے میں ہیں۔ ان شر پسند عناصرنے مغوی اہلکاروں کے اہلخانہ کو تنبیہ کی کہ اگر ان کے مطالبات نہ تسلیم نہ کیے گئے تو اغوا کیے گئے تمام اہلکاروں کو شہید کر دیا جائے گا۔ پرتشدد کارروائیاں اس چیز کو یہ واضح کرتی ہیں کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نہ صرف ریاست بلکہ ریاستی نظام کو سنگین نقصان پہنچانے کے در پر ہے۔ اس سے نہ صرف سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا بلکہ عام عوام کی زندگیاں بھی اجیرن بنائی گئیں۔ہم یہاں یہ چیز واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ریاست جس تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہےاسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔ جہاں جہاں پر ریاستی رٹ کو چیلنج کیا جائے گاوہاں پر ریاست قانون اور آئین کے مطابق کارروائی کرے گی۔واضح رہےکہ کوٹ ادو سے تعلق رکھنے والے پٹرولنگ پولیس کے آٹھ اہلکار اور ڈرائیور علی 5 روز سے اغوا ہیں۔ مغوی اہلکاروں کے عزیز و اقارب ان کی جلد اور محفوظ بازیابی کے لیے حکومت اور سکیورٹی اداروں سے مسلسل اپیلیں کر رہے ہیں۔ کشمیر الیکشن ڈیوٹی پر جانے والے پٹرولنگ پولیس کے اہلکار سید نعیم عباس، حفیظ، امجد، امان اللہ، محمد محسن، محمد سلطان، ندیم احمد، شفیق اور ڈرائیور علی دورانِ سفر لاپتا ہوئےجن کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کا آغاز کیا اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے مغوی اہلکاروں کا ممکنہ مقام ٹریس کر لیا ہے تاہم اغوا کاروں سے جاری مذاکرات تاحال کامیاب نہیں ہو سکے۔ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور مغویوں کی محفوظ بازیابی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب مغوی اہلکاروں کے اہلِ خانہ شدید ذہنی اذیت اور بے چینی کا شکار ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں