کتا مار مہم میں 72 کروڑ کا گھوٹالہ، ایک لاکھ 10 ہزار گولی، ڈپٹی ڈائریکٹر معطل

ملتان (سہیل چوہدری سے) ملتان میں کتے مار مہم میں 72 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن، ڈپٹی ڈائریکٹر معطل، سیکرٹریز کے خلاف انکوائری شروع ہوگئی۔محکمہ لوکل گورنمنٹ ملتان میں آوارہ کتوں کے خلاف مہم کے نام پر مبینہ طور پر 72 کروڑ روپے کی خورد برد کا بڑا انکشاف ہوا تھا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالقرنین حیدر کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ملوث یونین کونسل سیکرٹریز کے خلاف اعلیٰ سطح پر انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملتان سٹی ذوالقرنین حیدرجو ڈپٹی ڈائریکٹر ایکٹر کا اضافی چارج بھی سنبھالتے ہیں، نے یونین کونسلوں کے سیکرٹریز کے ساتھ ملی بھگت کر کے فرضی بل پاس کروا کر سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔ذرائع کے مطابق جن کمپنیوں کے فرضی بل محکمہ میں پاس ہوئے ہیں ان میں حامد محمود اینڈ کمپنی، بابر بلڈر اور الممتاز انٹرپرائزز شامل ہیں۔ یہ تینوں کمپنیاں مبینہ طور پر مختلف یونین کونسلز کے سیکرٹریز نے بنائی ہیں: حامد محمود اینڈ کمپنی سیکرٹری یونین کونسل 43 خلیل ثاقب، بابر بلڈرز سیکرٹری یونین کونسل 124 ندیم احمد، الممتاز انٹرپرائزز سیکرٹری یونین کونسل 11 راؤ خالد نے بنائی ہوئی ہے۔سیکرٹری یونین کونسل 39 خواجہ رفیق جو یونین کونسل 35 کا اضافی چارج بھی رکھتے ہیں، نے مذکورہ کمپنیوں کے فرضی بل محکمہ لوکل گورنمنٹ میں جمع کروا کر کروڑوں روپے نکلوا لیے۔ یونین کونسل 35 میں 1 کروڑ 80 لاکھ 80 ہزار 39 روپے کے بل پاس کروائے گئے۔ یونین کونسل 39 گلنار کالونی میں 1 کروڑ 65 لاکھ روپے کے جعلی بل پاس کروائے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فی گولی 1 لاکھ 10 ہزار روپے کے حساب سے بل پاس کروائے گئے جبکہ حقیقی اخراجات اس کے ایک معمولی حصے سے بھی کم تھے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو جب اس کرپشن کی اطلاع ملی تو انہوں نے فوری طور پر انکوائری کا حکم دے دیا۔ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فیصل آباد کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا جنہوں نے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے ڈپٹی ڈائریکٹر ملتان ذوالقرنین حیدر کو معطل کر دیا ہے اور سیکرٹریز کے خلاف اعلیٰ سطح پر انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی صوبہ پنجاب میں آوارہ کتوں کے خلاف مہمات میں کرپشن کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے حال ہی میں کتا مار مہم کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے مہم فوری طور پر روکنے کا حکم دیا تھا، جبکہ فیصل آباد اور جھنگ میں ضلعی انتظامیہ کے خلاف بھی پالیسی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی متوقع ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فیصل آباد کی سربراہی میں انکوائری ٹیم تمام پہلوؤں سے معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، فرضی بلوں کے علاوہ مہم کے دوران استعمال ہونے والی گولیوں اور زہر کی خریداری میں بھی بڑے پیمانے پر فراڈ کا شبہ ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں