کبیر والا: عاشور پر شہرِ خموشاں خون سے رنگ گیا، معصوم بچی کے سامنے باپ قتل

کبیروالا (نامہ نگار)یوم عاشور پر شہرِ خموشاں بھی خون سے رنگ گیا،پرانی رنجش پر راجپوت برادری کے لوگوں نے قبرستان میں فاتحہ خوانی کے لیے آئے ہوئے قدیانہ برادری کے افرار پر دھاوا بول دیا،خواتین پر تشدد،کپڑے پھاڑ دیے،پسٹل کے فائر سے ایک شخص قتل ہوگیا،خنجر اور آہنی سریے کے واروں سے تین سے چار نوجوان شدید زخمی ہوگئے، دس محرم یوم عاشور پر چوپڑہٹہ،اولک سندھو کے رہائشی حق نواز قدیانہ اپنے برادری کے افراد خضر،ثمر،اظہر اور خواتین سمیت اولک سندھو دربار مہر علی شاہ سے ملحقہ قبرستان میں اپنے آباؤ اجداد کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے گئے ہوئے تھے کہ ملزمان مجاہد، ثقلین، مشتاق،سجاد، رانا شاہد، بلاول،عرفان ،رانا شہباز، محمد مظہر اقوام راجپوت و دیگر مسلح ہوکر قبرستان پہنچ گئے اور آتے ہی للکارنے لگے کہ ہم آج آپ لوگوں کو زندہ نہیں چھوڑیں گے،خواتین پر تشدد کیا اور نازیبا حرکات کیں، مجاہد ولد عبدالغفار نے حق نواز کی پشت پر پسٹل کا فائر مار دیا جس سے وہ شدید زخمی ہوکر زمین پر گر گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا جبکہ مقتول کے ساتھی خضر، اظہر ،ثمر پر بھی خنجروں اور آہنی سریے کے وار کیے گئے جو کہ شدید زخمی ہو گئے،قبرستان میں موجود لوگوں کے اکٹھا ہونے پر ملزمان موقع سے فرار ہو گئے،ملزمان کے خلاف تھانہ سرائے سدھو میں مقدمہ درج کر دیا گیا،مقتول بچی کی آنکھوں کے سامنے اسکے باپ حق نواز کو قتل کیا گیا، معصوم بچی کی انصاف کے حصول کے لیے درمندانہ الفاظ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، ڈی پی او خانیوال محمد عابد وڑائچ نے گذشتہ روز مقتول کی معصوم بچی سے فون پر بات کی اور انصاف کی یقین دہانی کرائی،ڈی ایس پی کبیروالا منور حسین گجر اور ایس ایچ او رانا گلفراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے کچھ ملزمان گرفتار کر لئے ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں