تازہ ترین

ڈاکٹر احسن کیس، سیشن جج ملتان کابھی انکار، مقدمہ ایڈیشنل سیشن جج کو منتقل

ملتان (کورٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان نے بھی گزشتہ روز مختلف خواتین کے ساتھ بدکاری کرتے ہوئے ویڈیوز بنانے والے سکن سپیشلسٹ ڈاکٹر احسن اظہر منیر کا کیس سننے سے انکار کرتے ہوئے مقدمہ ایڈیشنل سیشن جج محمد الیاس رحمان کو بھجوا دیا۔ ملزم کی طرف سے گزشتہ روز خواجہ قیصر بٹ ایڈووکیٹ، چوہدری شاکر ایڈووکیٹ اور چوہدری عمر حیات ایڈووکیٹ سمیت 20 وکلاء پیش ہوئے اور انہوں نے کہا کہ ملزم کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے جس پر مدعیہ کے وکیل ضیا الرحمان رندھاوا نے کہا کہ ملزم کے ماموں ایڈیشنل سیشن جج لیاقت پور ناجائز مداخلت نہ کریں اور ایک سنگین نوعیت کے مقدمے کے ملزم کی پشت پناہی چھوڑ دیں ہر جج یہ کیس سننے کو تیار ہوگا۔ عدالت کو بتایا گیا ملزم ڈاکٹر احسن کے ماموں اس کیس کی سماعت کرنے والے جج صاحب کے ریٹائرنگ روم میں کیا لینے جاتے ہیں۔ ملزم کے وکلاء نے کہا کہ میڈیا ٹرائل کی وجہ سے اس خاندان کی بہت زیادہ بدنامی ہو رہی ہے اس لیے اگر آپ کیس نہیں سننا چاہتے تو اس کیس کو برائے مہربانی ایڈیشنل سیشن جج رانا عبدالحکیم کو مارک کرکے واپس بھجوا دیں مگر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان نے وکلائے صفائی کے بار بار کے اصرار کے باوجود یہ کیس ایڈیشنل سیشن جج رانا عبدالحکیم کو بھجوانے کےبجائے ایڈیشنل سیشن جج محمد الیاس ریحان کو مارک کر دیا جہاں آج بروز جمعہ اس کیس کو سنا جائے گا۔ مدعیہ کے وکیل ضیاء الرحمان رندھاوا نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کا چالان عدالت میں پیش ہو چکا ہے اس لیے کسی بھی طور پر ضمانت کی درخواست پر اب غور کرنے کے بجائے ملزم کو ریمانڈ پر دوبارہ پولیس کے حوالے کیا جائے تاکہ لیپ ٹاپ اور ہارڈ ڈرائیو کی برآمدگی کی جا سکے۔ توجہ طلب امر یہ ہے کہ عدل کرنا تو دور کی بات ابھی ملتان میں تعینات کوئی ایڈیشنل سیشن جج اس کیس کو سننے کے لیے ہی تیار نہیں ہو رہا اور ملزم ابھی تک جیل میں ہے، جسے مزید برآمدگیوں کے لیے پولیس کے حوالے ہی نہیں کیا جا رہا۔ ضیاء الرحمان رندھاوا نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان کے روبرو اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کا ماموں ناجائز سفارش کرنا بند کر دے اور کیس کو میرٹ پر چلنے دے، ججوں پر نہ دباؤ ڈالیں اور نہ منتیں کریں تو کوئی بھی جج اسے سننے سے انکار نہیں کرے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں