تازہ ترین

ملتان چیمبر کی نئی قیادت نے کمان سنبھال لی، منشور پر عمل کیلئے پہلے 100 دن کا پلان تیار

ملتان (جنرل رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان کے نومنتخب صدر ڈاکٹر شفیق پتافی نے کہا ہے کہ نئی قیادت نامزد ہو کر نہیں بلکہ باقاعدہ الیکشن میں حصہ لے کر، محنت اور ممبران کا اعتماد حاصل کرکے سامنے آئی ہے، اس لیے یہ کامیابی اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ حالیہ انتخابات میں کارپوریٹ کلاس میں تقریباً 96 فیصد اور ایسوسی ایٹ کلاس میں 89 فیصد ٹرن آؤٹ کاروباری برادری کی چیمبر سے وابستگی اور اعتماد کا ثبوت ہے، انتخابی منشور کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ممبران کی عزت، سہولت اور کاروباری مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان تجارت و صنعت کے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر باقاعدہ صدر کا چارج سنبھالنے کے بعد شرکاء اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر الیکشن کمیشن اسرار اعوان نے ممبران خواجہ محمد علی اور میاں عارف اقبال کے ہمراہ نومنتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی ارکان کی کامیابی کا حتمی اعلان کیا۔منتخب صدر ڈاکٹر شفیق پتافی، سینئر نائب صدر اظہر ممتاز ٹیپو اور نائب صدر شیخ عبد الوہاب نے سبکدوش عہدیداران سے نشستیں تبدیل کرکے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں جبکہ سیکرٹری جنرل محمد شفیق نے لیگل ایڈوائزر اور آڈیٹر کی تعیناتی،سابق سالانہ اجلاس عام کی کاروائی کی شرکا اجلاس سے منظوری لی ۔نومنتخب صدر ڈاکٹر شفیق پتافی نے مز ید کہا کہ انتخابی منشور ہی نئی قیادت کا لائحہ عمل ہے اور اس پر عملدرآمد کے لیے پہلے 100 دن کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ ممبرشپ کے عمل کو آسان بنانے کے ساتھ چیمبر کی ویب سائٹ، ایپ، ممبرشپ اور دیگر خدمات کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ ویزا لیٹر، سرٹیفکیٹ آف اوریجن سمیت ضروری دستاویزات کا حصول آسان بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ اور ملتان ایکسپو سینٹر طویل المدتی ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ ایس ایم ای سیکٹر کے لیے فعال کمیٹی، بینکاری اور ایل سی کے مسائل میں سہولت کاری اور ممبران کا عہدیداران سے براہِ راست رابطہ بھی ترجیحات کا حصہ ہوگا۔ ملتان چیمبر کو دیگر چیمبرز اور تجارتی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط کے ذریعے جنوبی پنجاب کی مؤثر آواز بنایا جائے گا۔انہوں نے نوجوان نسل اور خواتین کو چیمبر کی سرگرمیوں اور معاشی ترقی میں بھرپور کردار دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران گروپس الگ تھے لیکن اب الیکشن ختم ہو چکا ہے اور سب ملتان چیمبر اور کاروباری برادری کے مفاد کے لیے ایک ہیں۔ نئی ٹیم سینئرز کی رہنمائی اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کاروباری برادری کی آسانی، کاروبار کے فروغ، معیشت کی مضبوطی اور ملتان کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔نومنتخب صدر نے سبکدوش صدر میاں بختاور تنویر شیخ اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مثبت روایات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن اور چیمبر سیکرٹریٹ کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔سبکدوش صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دو سالہ دور میں چیمبر کو روایتی سرگرمیوں تک محدود رکھنے کے بجائے کاروباری مسائل کی نشاندہی، ان کے حل کی تلاش اور متعلقہ اداروں سے عملی رابطہ کاری پر توجہ دی گئی۔ ایز آف ڈوئنگ بزنس، ایس ایم ایز، نوجوانوں اور خواتین کی معاشی سرگرمیوں، تجارتی روابط اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے۔انہوں نے چیمبر کے اراکین، ایگزیکٹو کمیٹی، سیکرٹریٹ اور کاروباری برادری کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اختلافِ رائے کو ادارہ جاتی دائرے تک محدود رکھتے ہوئے چیمبر کے اجتماعی مفاد کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے نومنتخب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ملتان کی ترقی و کاروباری برادری کی خوشحالی کے لیے اتحاد اور باہمی تعاون پر زور دیا۔س موقع پر۔اجلاس عام میں نومنتخب ایگزیکٹو کمیٹی ارکان سمیت میاں فیصل مختار، میاں تنویر اے شیخ، خواجہ محمد یوسف دیگر سینئر ممبران اور کاروباری برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں