چیمبر انتخابات، فرینڈز آف ملتان اور فاؤنڈرز گروپ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع

ملتان (جنرل رپورٹر)ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 16 ستمبر کو ہونے والے انتخابات نے شہر کی کاروباری فضا میں گہما گہمی اور جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ فرینڈز آف ملتان اور فاؤنڈرز گروپ کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، ہر طرف انتخابی ہیٹ، پوسٹروں، بینرز، عشائیوں، کارنر میٹنگز، چائے پر ملاقاتوں اور گھر گھر رابطے کا سلسلہ زوروں پر ہے۔ حمایتیوں کی قطاروں، ووٹرز سے مسلسل رابطوں، پولنگ ایجنٹوں کی تیاری اور جوڑ توڑ کی کوششوں نے انتخابی دنگل کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔فرینڈز آف ملتان کی انتخابی مہم اس بار نہایت متحرک، منظم اور مؤثر دکھائی دے رہی ہے۔ اس گروپ نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں، خواتین ارکان، نوجوان کاروباری افراد اور چھوٹے تاجر تنظیموں تک رسائی حاصل کر کے اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے۔ فرینڈز آف ملتان کی کارکردگی کو نمایاں کرتے ہوئے اس کے پیغام میں چیمبر میں شفافیت، نئے ممبران کی شمولیت، کاروباری مسائل کے عملی حل، فیسوں میں ریلیف، ڈیجیٹل سہولیات، برآمدات کے فروغ اور چھوٹے تاجروں کے حقوق کے تحفظ کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔ اس کی مہم میں مسلسل رابطے، مؤثر رابطہ کاری، اعتماد سازی اور ووٹ بینک کو منظم کرنے کی حکمت عملی واضح طور پر نظر آ رہی ہےجس نے انتخابی معرکے میں اسے نمایاں برتری دی ہے۔دوسری طرف فاؤنڈر گروپ اپنی مہم میں ماضی کی خدمات، چیمبر کی بنیاد رکھنے، عمارت کی تعمیر، ڈرائی پورٹ کے قیام اور ہوائی اڈے کی منظوری جیسے اہم سنگ میل پیش کر رہا ہے۔ دونوں گروپوں کے حالیہ عشائیہ تقریبات اور اجتماعات میں بڑی تعداد میں ووٹرز اور خواتین ارکان کی شرکت نے اس مہم کو تقویت دی ہےجبکہ مختلف تاجر تنظیموں اور صنعتی گروپوں کی حمایت کے اعلانات نے انتخابی جوڑ توڑ کو مزید گرم کر دیا ہے۔مجموعی طور پر دونوں گروپوں کی طرف سے اتحاد، دھڑے بندی، لابی کاری، حمایت کے بدلے حمایت اور خاموش ووٹرز کو متحرک کرنے کی کوششیں عروج پر ہیں۔ تقریباً ایک ہزار تاجر و صنعت کار 16 ستمبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گےجبکہ نتائج 30 ستمبر تک متوقع ہیں۔ یہ انتخابی مقابلہ نہ صرف چیمبر کی قیادت بلکہ شہر کی کاروباری سیاست کے آنے والے رجحانات کا بھی تعین کرے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں