پیٹرول اصل قیمت سے 133 روپے، ڈیزل 122 روپے فی لیٹر مہنگا

اسلام آباد: ملک میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اصل لاگت کے مقابلے میں بھاری ٹیکسز، لیوی اور مارجنز وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول کی اصل قیمت 234 روپے 73 پیسے بنتی ہے، جبکہ صارفین سے اس وقت 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر وصول کیے جا رہے ہیں، یوں پیٹرول اصل قیمت کے مقابلے میں 133 روپے 2 پیسے مہنگا ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ فی لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 131 روپے 60 پیسے لیوی، ٹیکس اور مارجنز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر فی لیٹر 122 روپے 55 پیسے لیوی، ٹیکس اور مارجنز عائد ہیں۔
تین روز میں پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 21 روپے 88 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 7 ستمبر کو پیٹرول 345 روپے 87 پیسے فی لیٹر تھا جو اب بڑھ کر 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
اسی طرح 7 ستمبر تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 378 روپے 5 پیسے فی لیٹر تھی، جو 14 روپے 62 پیسے اضافے کے بعد 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں