تازہ ترین

چولستان میں گینگ ریپ اور تشدد کا شکار مرسلین زندگی کی بازی ہار گیا

لودھراں،مروٹ (بیورپورٹ، تحصیل رپورٹر ) تھانہ مروٹ کی حدود چولستان میں گینگ ریپ اور وحشیانہ تشدد کاشکار مرسلین زندگی کی بازی ہار گیا ۔ زہریلی چیز کھلا کر دس گیارہ افراد نے لڑکے کے ساتھ زیادتی اور تشدد کیا۔وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں داخل اور زندگی موت کی کشمکش میں مبتلا مرسلین زندگی کی بازی ہار گیا ۔متاثرہ بچے کا بوڑھا والد یہ صدمہ برداشت نہ کر سکا وہ چندروزقبل ہی اس دنیا سے چل بسا تھا۔تھانہ مروٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔با وثوق ذرائع سے پتا چلا ہے کہ مرسلین سے بد فعلی کے وقت ملزمان نے اسکے نازک اعضا پر پیٹرول اور سرخ مرچیں ڈالی۔ مرسلین وکٹوریہ ہسپتال میں وینٹی لیٹر پرتھا۔ ایس ایچ او تھانہ مروٹ عامر امان اللہ کا کہنا ہے کہ کافی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور باقی ملزمان کیلئے کوشش جاری ہے۔
مرسلین کے انتقال نے خاندان پر ایک اور قیامت برپا کر دی۔ اہل خانہ کے مطابق ایک سال قبل بھی مرسلین کے بھائی کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا، جبکہ اب بیٹے مرسلین پر ہونے والے مبینہ ظلم کا صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے والد کریم بخش بھی دنیا سے رخصت ہو گئے۔ یوں ایک ہی خاندان مسلسل ظلم کی زد میں آرہا ہے ۔متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ تھانہ مروٹ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تو درج کیا، تاہم ملزمان کے خلاف کمزور دفعات لگائی گئیں۔ اب مرسلین کے جاں بحق ہونے کے بعد ورثا کا مطالبہ ہے کہ مقدمے میں قتل سمیت دیگر سخت دفعات شامل کی جائیں اور تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان بااثر ہیں، اس لیے انہیں خدشہ ہے کہ انصاف کے حصول میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس، آر پی او ملتان اور ڈی پی او بہاولنگر سے اپیل کی ہے کہ واقعہ کا نوٹس لے کر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے اور ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ایک غریب چرواہے کی موت نے کئی سوالات چھوڑ دیے، اب دیکھنا یہ ہے کہ قانون کے شکنجے میں ظالم کب آتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں