چشتیاں:وراثتی رنجش پر 6سالہ بچے کا بہیمانہ قتل، نوعمر ملزم گرفتار، مقدمہ درج

چشتیاں( نمائندہ خصوصی ) چشتیاں کے نواحی چک 3 فورڈ کی بستی جوسراں میں سفاک آوارہ نوجوان نے وراثت میں حصہ لینے کی رنجش پر اپنے کمسن چچا زاد بھائی کو اینٹوں کے روڑے مار کے قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔صدر پولیس چشتیاں کے مطابق مقتول 6 سالہ فہیم علی اپنے گھر موجود تھا کہ اس کے والد گلزار احمد ولد محمد حسین عباسی اپنی گونگی بہری بیوی کوثر پروین کے ہمراہ مال مویشی کیلئے چارہ لینے گئے ہوئے تھے کہ مقتول کا تایا زاد بھائی 16 سالہ آوارہ محمد قاسم جس کی والدہ کو دس سال قبل اس کے والد شہزاد نے طلاق دیکر دوسری شادی کرلی تھی اور محمد قاسم اپنی نانی کے پاس رہتا ھے مقتول کے گھر پہنچ گیا اور کمسن فہیم علی کے ساتھ لڑنے جھگڑنے لگا اور گھر کے قریب اینٹوں کے روڑے مار کے اسے انتہائی بے دردی سے قتل کردیا ۔مقتول کے والدین اور دیگر افراد نے مقتول کی تلاش شروع کی تو کمسن فہیم علی کی نعش پختہ اینتوں پرڈش ٹوکرے سے ڈھانپی پڑی تھی ۔پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم محمد قاسم کو گرفتار کرلیا اور ریسکیو 1122 کے عملہ نے مقتول کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہسپتال چشتیاں پہنچا دی۔پولیس نے گلزاراحمد کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف زیر دفعہ 302/34 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں