اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی) کے لیے مالی سال 2026-27 کے دوران 13 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی۔
ای سی سی اجلاس میں سرکاری اداروں کی جانب سے بروقت بجٹ مختص نہ کرنے اور بعد ازاں اضافی مالی وسائل کے لیے وزارت خزانہ سے رجوع کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی کہ پی ٹی وی سمیت متعلقہ اداروں کو مالی طور پر خودمختار بنانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے اور اسے ستمبر 2026 کے اختتام تک ای سی سی کے سامنے پیش کیا جائے۔
اجلاس میں پی ٹی وی کے لیے لائسنس فیس کی وصولی کا مؤثر نظام وضع کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی، تاکہ قومی نشریاتی ادارہ مستقل آمدن حاصل کرسکے اور بار بار حکومتی و آف بجٹ فنڈنگ پر انحصار کم کیا جاسکے۔
ای سی سی میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ پی ٹی وی کی افرادی قوت بعض بڑے نجی نیوز چینلز کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے، تاہم ادارے کی آمدن اس تناسب سے نہیں ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے وضاحت کی کہ پی ٹی وی کا نشریاتی دائرہ نجی چینلز کے مقابلے میں کہیں وسیع ہے اور ملک بھر میں خدمات فراہم کرنے کے باعث اس کے انسانی وسائل اور آپریشنل اخراجات بھی زیادہ ہیں۔
اجلاس میں پی ٹی وی کی مالی صورتحال بہتر بنانے اور آمدن میں اضافے کے لیے معیاری ڈراموں اور پرفارمنگ آرٹس کے پروگراموں کی تیاری پر زیادہ توجہ دینے کی تجویز بھی دی گئی۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے ای سی سی کو بتایا کہ پی ٹی وی کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت کام کرنے والا قومی پبلک سروس براڈکاسٹر ہے اور رولز آف بزنس 1973 کے تحت وزارت اطلاعات و نشریات کے انتظامی کنٹرول میں ہے۔ وزارت کے مطابق ادارہ قومی یکجہتی، ملکی ترقی اور ثقافتی تنوع کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں بلا تعطل نشریات جاری رکھنے کے لیے پی ٹی وی کو تنخواہوں اور الاؤنسز، بجلی و دیگر یوٹیلیٹی اخراجات، سیٹلائٹ و ٹرانسمیشن، پروگراموں کی تیاری، سیکیورٹی اور دیگر ضروری ادائیگیوں کے لیے مسلسل خطیر مالی وسائل درکار ہوتے ہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے مالی سال 2026-27 کے لیے پی ٹی وی کے لیے 20 ارب روپے طلب کیے تھے، تاہم وزارت خزانہ نے 13 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی ہے۔ یہ رقم سہ ماہی بنیادوں پر 3 ارب 25 کروڑ روپے فی سہ ماہی جاری کی جائے گی۔
وزارت خزانہ نے وزارت اطلاعات و نشریات کو 13 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے اجرا کے لیے باقاعدہ سمری پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔







