عبداللہ طاہر قتل کیس کی تحقیقات میں پولیس کو مزید اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل اور گاڑی سے متعلق بھی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق قتل میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل مرکزی ملزم زمان عرف کگی بٹ کے بھائی شہزاد بٹ کے نام پر رجسٹرڈ تھی، جو اس وقت بیرون ملک موجود ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ارسلان دو شوٹرز کے ساتھ سفید رنگ کی کرائے کی گاڑی میں لاہور پہنچا تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں شوٹرز کو فردوس مارکیٹ سے موٹرسائیکل فراہم کی گئی اور انہیں جائے وقوعہ کی لوکیشن بھی بتائی گئی۔ شوٹرز مبینہ طور پر جعلی نمبر پلیٹ لگی موٹرسائیکل پر کلینک پہنچے، جہاں عبداللہ طاہر کو قتل کیا گیا۔
واردات کے بعد دونوں موٹرسائیکل سوار شوٹرز واپس فردوس مارکیٹ پہنچے۔ وہاں سے ارسلان انہیں جعلی نمبر پلیٹ والی سفید گاڑی میں لے کر اسلام آباد روانہ ہوگیا، جبکہ ایک ملزم موٹرسائیکل لے کر اس کی اصل نمبر پلیٹ دوبارہ لگا کر گوجرانوالہ واپس پہنچا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان نے ٹھوکر نیاز بیگ اور راوی ٹول پلازہ کے درمیان گاڑی سے جعلی نمبر پلیٹ اتار کر اصل نمبر پلیٹ لگا دی، جس کے بعد وہ موٹروے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد پہنچے۔ اسلام آباد پہنچنے پر گاڑی کے مالک کو وہاں سے گاڑی لے جانے کے لیے کہا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان بعد ازاں اسلام آباد سے ایک کرائے کی گاڑی میں وانا روانہ ہوئے۔ یہ گاڑی اسلام آباد سے گوجرانوالہ میں ایک کار واش سینٹر پہنچی تو لاہور سے سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کی ٹیم بھی وہاں پہنچ گئی۔
پولیس نے کار واش سینٹر کے ملازم سے معلومات حاصل کرکے گاڑی کے مالک تک رسائی حاصل کی اور اسے حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور موٹرسائیکل سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن پولیس کے قبضے میں ہیں، جبکہ دو خواتین سمیت متعدد زیر حراست افراد سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی آخری لوکیشن وزیرستان کے علاقے گرباز کی سامنے آئی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی کی ٹیم تاحال وزیرستان میں موجود ہے اور شوٹرز سمیت انہیں لاہور لانے والے ملزم ارسلان کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران کیس میں ملوث مختلف کرداروں کی شناخت سامنے آچکی ہے اور پولیس مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق اس ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر ڈی ایس پی سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن سید حسین حیدر کر رہے ہیں۔







