اسلام آباد (سٹاف رپورٹر): وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو انسدادِ پولیو مہم مزید مؤثر اور تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعظم سے پولیو نگرانی بورڈ کے سات رکنی بین الاقوامی وفد نے ملاقات کی، جس میں روٹری کے پولیو اوورسائٹ بورڈ کے چیئرمین مائیک میکگورن، گیٹس فاؤنڈیشن کے گلوبل ڈیویلپمنٹ کے صدر کرس ایلائیس، عالمی ادارۂ صحت (WHO) کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی سمیت یونیسیف، گاوی اور دیگر عالمی شراکت داروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے عالمی اداروں کے مسلسل تعاون کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین قومی ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس قومی مقصد کے حصول کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں، عالمی شراکت داروں اور تمام متعلقہ فریقوں کو اپنی مشترکہ کوششوں میں مزید تیزی لانا ہوگی تاکہ پاکستان کو جلد از جلد پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے بالخصوص جنوبی خیبر پختونخوا کے پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں پر خصوصی توجہ دینے اور وہاں مؤثر حکمتِ عملی کے تحت انسدادِ پولیو اقدامات مزید مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے روٹری انٹرنیشنل، گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارۂ صحت، یونیسیف، کنگ سلمان ریلیف، سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC)، یو ایس اے اور دیگر شراکت داروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے تعاون کو قابلِ قدر قرار دیا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیرِ مملکت برائے صحت، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق، نیشنل کوآرڈینیٹر انسدادِ پولیو اور حکومتی ٹیم کے دیگر ارکان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
وفد نے پاکستان میں انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور حاصل ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں جاری کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔







