گگو منڈی(نمائندہ قوم)تھانہ ساہوکا میں پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی، دو ملازمین معطل۔ تھانہ ساہوکا میں تعینات نائب محرر اور کانسٹیبل کے درمیان نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہونے والی تلخ کلامی ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی، جس کے باعث محرر آفس میدان جنگ بن گیا۔ واقعہ اعلیٰ حکام کے نوٹس میں آنے پر دونوں ملازمین کو معطل کرکے کلوز لائن کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق تھانہ ساہوکا میں تعینات کانسٹیبل الیاس اور نائب محرر فیصل جٹ کے درمیان کسی معاملے پر تلخی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے گالم گلوچ اور ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ دونوں ملازمین نے ایک دوسرے پر گھونسوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا، جبکہ اس دوران کانسٹیبل لیاقت ڈھڈی بھی معمولی زخمی ہوگیا۔پولیس اہلکاروں کے درمیان ہونے والی ہاتھا پائی کے باعث محرر آفس میں کافی دیر تک ہنگامہ آرائی کی صورتحال رہی۔ واقعہ کی اطلاع اعلیٰ پولیس حکام تک پہنچنے پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملازمین کو معطل کرکے کلوز لائن کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ ساہوکا میں اس سے قبل بھی متعدد بار پولیس ملازمین کے درمیان جھگڑے کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔







