ملتان،لاہور،پشاور(قوم نیوز،بیورورپورٹ) پنجاب اورکے پی میں بارش نے تباہی مچادی،کوہاٹ میں چھت گرنےسے 11افرادجاں بحق ہوگئے۔ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ نشیبی علاقے زیر آب آنے، سیلابی ریلوں، لینڈ سلائیڈنگ اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کے بعد متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔کوہاٹ میں بارش کے دوران کچے مکان کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر بچوں اور خواتین سمیت 11افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔کوہاٹ کے نواحی پہاڑی گاؤں مالگین میں شدید بارش سےکچے مکان کی چھت گرگئی۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعےمیں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔جاں بحق ہونےوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت مکان میں تقریب جاری تھی۔ ملبے سے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد کےبعد مختلف اسپتالوں میں منتقل کیاگیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔اس کے علاوہ اٹک میں بھی بارش سے دیوار گرگئی جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے میں بارش کے بعد برساتی ندیوں میں طغیانی آگئی ۔بارش کے باعث ملتان، ڈی جی خان اور مظفرگڑھ کے متعدد علاقوں میں بجلی گھنٹوں معطل رہی۔







