ملتان ( قوم نیوز)پنجاب حکومت نے پولیس کے اعلیٰ افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کرتے ہوئے سی پی او ملتان صادق علی ڈوگرکو تبدیل کردیا ہےجبکہ اے آئی جی لاجسٹکس پنجاب اختر فاروق کو نیا سٹی پولیس آفیسر ملتان تعینات کردیا گیا ہے۔ پنجاب کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یکم اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صادق علی ڈوگر جو بطور سٹی پولیس آفیسر ملتان فرائض انجام دے رہے تھے، کو فوری طور پر تبدیل کرکے کمانڈنٹ پولیس اسکول آف انٹیلی جنسپنجاب لاہور تعینات کردیا گیا ہے، جہاں وہ ذیشان اصغر کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ذیشان اصغر کو پولیس اسکول آف انٹیلی جنس لاہور کی کمانڈنٹ کی ذمہ داری سے تبدیل کرکے پولیس ٹریننگ کالج لاہور میں کمانڈنٹ تعینات کردیا گیا ہے۔ دیگر تبادلوں کے تحت انعام الرحمٰن ملک کو فوری طور پر ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد تعینات کیا گیا ہےجبکہ آر پی او فیصل آباد سہیل اختر کو تبدیل کرکے آر پی او سرگودھا مقرر کیا گیا ہے۔ آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان کو ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی سی پی او پنجاب لاہور تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی آئی ٹی منصور الحق رانا کو ڈی آئی جی ایلیٹ پولیس فورس پنجاب تعینات کردیا گیا۔







