پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس کے یونیفارم میں تبدیلی، نئی وردی کی منظوری

لاہور: پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کے یونیفارم میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ نئی وردی کے تحت اہلکار گرے یونیفارم کے بجائے سفید شرٹ اور نیوی بلیو پینٹ پہنیں گے۔
پولیس ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ٹریفک پولیس کے لیے نئے یونیفارم کی خریداری کی جائے گی، جبکہ گزشتہ سال لاہور ٹریفک پولیس کی وردی تبدیل کرکے اہلکاروں کو نیا یونیفارم فراہم کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق سابق سی ٹی او لاہور اطہر وحید کی جانب سے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو یونیفارم کی خریداری کے لیے فی کس 5 ہزار روپے فراہم کیے گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کے یونیفارم میں تبدیلی کی منظوری گزشتہ سال ہی دی گئی تھی۔ منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں لاہور جبکہ دوسرے مرحلے میں پنجاب بھر کی ٹریفک پولیس کو نئی وردی پر منتقل کیا جانا تھا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ٹریفک پولیس کے لیے 12 ہزار نئے یونیفارمز کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے ٹریفک پولیس سمیت پنجاب پولیس کے دیگر یونٹس کے یونیفارم کی خریداری کے لیے پری کوالیفکیشن کا عمل شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں