بہاولپور (تحصیل رپورٹر) پرویز الٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بہاولپور کی کیتھ لیب میں گزشتہ دو روز سے انجیوگرافی کا کام مبینہ طور پر بند ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق انجیوگرافی کے لیے مقررہ اپائنٹمنٹس والے متعدد مریضوں کے کیسز مسلسل کینسل کیے جا رہے ہیں، جس سے مریضوں اور ان کے لواحقین میں تشویش پائی جاتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کیتھ لیب کے آلات کی دیکھ بھال کے لیے سالانہ مینٹیننس کنٹریکٹ (AMC) بھی موجود ہے تاہم متعلقہ کمپنی کی جانب سے خرابی دور کرنے اور سروس بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ دوسری جانب مریضوں کا کہنا ہے کہ انجیوگرافی جیسی اہم طبی سہولت کی بندش کے باعث انہیں علاج کے لیے شدید پریشانی اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق تاحال ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے بھی مسئلے کے مستقل حل اور کیتھ لیب کی فوری بحالی کے حوالے سے کوئی مؤثر عملی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔مریضوں اور شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کیتھ لیب کی خرابی دور کرائی جائے، متعلقہ کمپنی کو AMC کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند بنایا جائے اور انجیوگرافی کی سہولت بلا تاخیر بحال کی جائے تاکہ مریضوں کے مزید کیسز متاثر ہونے سے بچ سکیں۔







