پاک چین دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی ایک مضبوط اور آزمودہ رشتہ ہے، جو ہر دور کے چیلنجز اور امتحانات میں پہلے سے زیادہ مستحکم ہو کر سامنے آیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے 99ویں یومِ تاسیس کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں تعینات چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چین کی دفاعی صلاحیت، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ دوستی پر قائم ہیں، جبکہ دونوں ممالک نے بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال کے باوجود ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج اور چینی پیپلز لبریشن آرمی خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی شراکت دار ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر نے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں