کراچی: پاکستان میں جلد ہی پہلی بار مقامی ادائیگی کے نظام پر مبنی کریڈٹ کارڈ متعارف کرایا جائے گا۔ بینکوں اور مالیاتی اداروں کو آن لائن بینکاری خدمات فراہم کرنے والی ون لنک یہ کریڈٹ کارڈ پے پاک اسکیم کے تحت جاری کرے گی۔
اس منصوبے کے بعد پاکستان ان چند ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا جہاں اپنی قومی ادائیگی اسکیم کے ساتھ مقامی کریڈٹ کارڈ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
کراچی میں منعقدہ 19ویں موبائل کامرس کانفرنس کے موقع پر ون لنک کے چیف ایگزیکٹو نجیب آگرہ والا نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ یہ کریڈٹ کارڈ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون اور رکن بینکوں کی شراکت سے متعارف کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی کریڈٹ کارڈ کا اجرا پاکستان کے بینکاری شعبے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا، جس سے مالیاتی نظام میں مزید افراد کی شمولیت، کریڈٹ تک آسان رسائی اور ملک کے اندر تیار کردہ ادائیگی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
نجیب آگرہ والا کے مطابق پے پاک کریڈٹ کارڈ پورے پاکستان میں استعمال کیا جا سکے گا، جبکہ صارفین اس کے ذریعے بین الاقوامی ادائیگیاں بھی انجام دے سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس نظام کا تمام تر انتظام ملک کے اندر ہوگا، جس سے وہ بینک بھی کریڈٹ کارڈ جاری کرنے کے قابل ہو جائیں گے جو مہنگے انفراسٹرکچر کی وجہ سے اب تک یہ سہولت فراہم نہیں کر پا رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں ادائیگی کا لچکدار ماڈل متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت بینکوں کو ابتدا میں بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ صارفین کی ضروریات کے مطابق بتدریج اخراجات کر سکیں گے۔
ون لنک کے چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ ادارے نے 2016 میں پے پاک اسکیم کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد پاکستان دنیا کا 28واں ملک بن گیا تھا جس نے اپنی قومی ادائیگی اسکیم متعارف کرائی۔ ان کے مطابق پے پاک کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے کئی دیگر ممالک نے بھی اپنے مقامی ادائیگی کے نظام متعارف کرانے کی جانب توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ پے پاک کے ذریعے صارفین کو محفوظ، قابل اعتماد اور کم لاگت ادائیگی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ اس کے ڈیبٹ کارڈز کا استعمال حکومتی ادائیگیوں، ریٹیل اسٹورز، آن لائن شاپنگ اور روزمرہ خریداری میں مسلسل بڑھ رہا ہے۔
نجیب آگرہ والا کے مطابق پے پاک اب صرف ایک کارڈ تک محدود نہیں بلکہ مختلف اقسام کے کارڈز بھی متعارف کرائے جا چکے ہیں، جن میں صارفین اور ان کے اہل خانہ کے لیے خصوصی سہولیات، آن لائن خریداری پر ہفتہ وار رعایتیں اور ایسے کارڈز شامل ہیں جو پاکستان کے ساتھ بیرونِ ملک بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستانی کارڈ مارکیٹ میں پے پاک کا حصہ تقریباً 28 فیصد ہے، جبکہ ایک کروڑ 61 لاکھ سے زائد پے پاک کارڈز زیر استعمال ہیں، جو گزشتہ دس برسوں کے دوران صارفین کے اعتماد اور مسلسل ترقی کی عکاسی کرتے ہیں۔







