پاکستان اور کرغزستان میں تجارت، موسمیاتی تبدیلی اور انسداد دہشتگردی سمیت متعدد معاہدے طے

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے گئے۔
بشکیک میں منعقدہ دستخطی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے، جبکہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے بھی مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان نجی شعبوں کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کریں گے۔ دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی تعاون پر اتفاق کیا ہے، جبکہ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کاسا توانائی منصوبے کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے تجارتی قوانین اور طریقہ کار کو مزید آسان بنائیں گے۔ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارتی حجم 200 ملین ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، جبکہ حالیہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دور کا آغاز ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں