اسلام آباد: اگرچہ عالمی پاسپورٹ درجہ بندی میں پاکستانی پاسپورٹ کی پوزیشن محدود ہے، تاہم اس کے باوجود پاکستانی شہری دنیا کے 30 ممالک کا سفر ویزا فری، ویزا آن ارائیول یا الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ETA) کے ذریعے کر سکتے ہیں۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی جولائی 2026 کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ اس وقت عالمی فہرست میں 100ویں نمبر پر موجود ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 میں پاکستان کی درجہ بندی 103 تھی، جبکہ 2026 کے دوران اس میں کچھ بہتری آنے کے بعد دوبارہ تنزلی دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک کی ویزا پالیسیوں، دوطرفہ سفری معاہدوں اور بین الاقوامی قوانین میں تبدیلی کے باعث پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں وقتاً فوقتاً ردوبدل ہوتا رہتا ہے۔
عالمی درجہ بندی میں سنگاپور کا پاسپورٹ بدستور سرفہرست ہے، جس کے حامل افراد 192 ممالک میں بغیر ویزا یا آسان سفری سہولت کے ساتھ جا سکتے ہیں، جبکہ جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستانی شہریوں کو ویزا فری، ویزا آن ارائیول یا ای ٹی اے کی سہولت دینے والے ممالک میں مالدیپ، نیپال، سری لنکا، کینیا، روانڈا، سیشلز، بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، وانواتو اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو سمیت متعدد دیگر ممالک شامل ہیں۔







