اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی معیشت کو بیرونی امداد پر انحصار سے نکال کر تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کی بنیاد پر مستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق اقتصادی ترقی کا براہِ راست تعلق سرمایہ کاری میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی ترقی کے فوائد عام شہریوں تک پہنچانے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ حکومت معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ طویل مدتی اور پائیدار ترقی کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔
محمد اورنگزیب کے مطابق برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ اور ملکی پیداواری صلاحیت بہتر بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ فنانس ملکی برآمدات بڑھانے اور کاروباری شعبے کو سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول تشکیل دینے پر توجہ دے رہی ہے۔ نجی شعبے کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو امداد پر انحصار سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ معاشی ترقی کے لیے عالمی مالیاتی اداروں اور کاروباری برادری کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا بھی ضروری ہے۔







