واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے تینوں ممالک کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے حال ہی میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ اس بات کی علامت ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ممالک متحد ہو رہے ہیں اور اب وہ اپنی سلامتی اور دفاع کو زیادہ مؤثر انداز میں یقینی بنانے کے قابل ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے تینوں ملکوں کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے معاہدے کو ایک اہم، جرات مندانہ اور بڑا ابتدائی قدم قرار دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں طے پایا تھا۔ معاہدے کی اہم شق کے مطابق تینوں میں سے کسی ایک ملک پر ہونے والا حملہ تمام فریقین پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
معاہدے پر وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے دستخط کیے تھے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے بھی عندیہ دیا گیا تھا کہ مستقبل میں اس معاہدے کا دائرہ مزید ممالک تک بڑھایا جاسکتا ہے، کیونکہ یہ معاہدہ امن و سلامتی کے حوالے سے صرف تین ممالک تک محدود نہیں ہے۔







