وہاڑی (نامہ نگار) ملتان روڈ پر اڈا ٹھینگی کے قریب ایک انتہائی افسوسناک ٹریفک حادثے میں ٹرالر نے سکول رکشہ کو پیچھے سے زوردار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ المناک حادثے کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 12 سالہ عبداللہ ولد زنیر احمد اور 10 سالہ عنایہ وقاص دختر وقاص احمد جاں بحق ہوئے۔ دونوں بچوں کا تعلق چک نمبر 74 ڈبلیو بی سے تھا اور وہ آپس میں قریبی رشتہ دار تھے۔ ریسکیو حکام کے مطابق رکشہ چلانے والا شخص بھی بچوں کا قریبی رشتہ دار تھا۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرالر نے سکول رکشہ کو پیچھے سے ٹکر ماری۔ تصادم کے نتیجے میں دونوں بچوں کو سر پر شدید نوعیت کی چوٹیں آئیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ زخمی بچے اور رکشہ ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق بچوں کی نعشیں بھی ہسپتال منتقل کردی گئیں۔حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور ٹرالر سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ اور قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔دو کمسن بچوں کی اچانک اور المناک موت نے چک 74 ڈبلیو بی اور گردونواح کی فضا سوگوار کردی۔ جاں بحق بچوں کے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں، جبکہ اہل علاقہ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔







