میلسی (نمائندہ قوم) وفاقی وزیر برائے قومی ثقافتی ورثہ بیرسٹر خان اورنگزیب خان کھچی نے ملک کے ممتاز سیاستدان جہانگیر خان ترین سے اہم ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، قومی امور اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات خوشگوار اور سنجیدہ ماحول میں ہوئی، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف سیاسی و انتظامی معاملات بھی زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے ملک میں سیاسی استحکام، معاشی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر بیرسٹر خان اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کا قومی مفاد میں ایک پیج پر ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام ہی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کی بنیاد بن سکتا ہے۔جہانگیر خان ترین نے وفاقی وزیر کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مثبت سیاسی کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔







