وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی افواہیں بے بنیاد ہیں، سہیل آفریدی کو پارٹی ارکان کی حمایت حاصل ہے: بیرسٹر گوہر

پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی تبدیلی سے متعلق افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ عوام میں غلط فہمیاں پیدا کی جائیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی بھرتیوں کے حوالے سے کچھ شکایات ضرور سامنے آئیں، تاہم وزیر صحت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام تقرریاں شفاف انداز میں کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، تاہم بعض عناصر وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی باتیں کرکے بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کو پارٹی ارکان کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ اگرچہ پارٹی کے اندر اختلاف رائے موجود ہے، لیکن وزیراعلیٰ کے خلاف کسی قسم کا گروپ یا بلاک تشکیل نہیں دیا گیا۔
انہوں نے علی امین گنڈاپور کے حوالے سے بھی کہا کہ انہوں نے عمران خان کی ہدایت پر خود استعفیٰ دیا تھا اور وہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا رہے جس سے پارٹی کے مفادات کو نقصان پہنچے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں